تازہ ترین

وزیراعلیٰ پنجاب، عمران خان نے بھی آکسفورڈ سے پڑھا اپنا امیدوار نامزد کر دیا

 چترال ( آوازچترال رپورٹ )چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پنجاب میں وزیراعلیٰ کا نام فائنل کرلیا ہے جس کے بعد پنجاب کی وذارت اعلیٰ کے لئے لابنگ کرنے والے تمام گھوڑے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدہ کیلئے عبدالعلیم خان، شاہ محمود قریشی، اسحاق خاکوانی اور ڈاکٹر یاسمین راشد کا نام زیر غور تھا اور ان امیدواروں کے حمائتی اپنی اپنی جگہ پر لابنگ بھی کر رہے تھے تاہم چند گھنٹے پہلے ایک نیا نام سامنے آیا ہے جو تحریک انصاف کی کسی عام شخصیت کی طرف سے نہیں بلکہ خود عمرن خان کی طرف سے دیا گیا ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق چیئرمین عمران خان نے یہ نام پہلے سے ہی اپنے ذہن میں فائنل کر رکھا تھا لیکن پارٹی راہنمائوں کو مشاورت کا موقع دینے اور پارٹی میں اختلافات پیدا ہونے سے بچانے کے لئے انہوں نے اپنا ترپ کا پتہ ظاہر نہیں کیا اور اسے آخری وقت تک سنبھالے لکھا۔ذرائع کے مطابق عمران خان نے جس رکن پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ بنانے کے لئے نامزد کیا ہے وہ نہ صرف عمران خان کے گزشتہ 20سال کے دوست ہیں بلکہ امیر ترین شخص بھی سمجھے جاتے ہیں۔ عمران خان کی طرف سے نامزد کردہ پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لئے امیدوار آکسفورڈ سے تعلیم یافتہ ہیں بلکہ انتہائی قابل بھی ہیں۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے راہنما حمزہ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تمام ہتھکنڈوں کے باوجود پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب میں سب سے آگے ہے، مینڈیٹ کا احترام نہ کر کے پاکستان تحریک انصاف غلط روایات ڈال رہی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے راہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں اپوزیشن لیڈر کا فیصلہ پارٹی کرے گی، وفاق اور صوبے میں ڈٹ کر اپوزیشن کریں گے۔ شہباز شریف قومی اسمبلی میں اپوزیشن میں بیٹھیں گے، تمام ہتھکنڈوں کے باوجود پاکستان مسلم لیگ (ن) سب سے آگے ہے اور ہم انشاء اللہ پنجاب میں حکومت بنائیں گے۔ 

واضح رہے کہ پارٹی کی رائے کے مطابق وہ حمزہ شہباز کو پنجاب میں اپوزیشن لیڈردیکھنا چاہتے ہیں جبکہ یہ خبریں بھی سرگرم ہیں کہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سعد رفیق ہوں گے۔

اسی طرح پاکستان تحریک انصاف کے راہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ بہاولنگر سے آزاد امیدوار ملک عمرفاروق نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی ہے، میں اجمل چیمہ اور ملک عمر فاروق کو شمولیت پر مبارکباد دیتا ہوں۔

نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین نے بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں حکومت سازی کے لئے ہم نے اپنا ہدف مکمل کر لیا ہے، ہم نے حکومت سازی کے حوالے سے کافی کامیابیاں حاصل کر لی ہیں بہت جلد عمران خان اس کا اعلان کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے آزاد امیدواروں کوپی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے کی دعوت دی اور کہا کہ ہم نے انہیں ایک نیا پاکستان بنانے کی آفر کی، جسے انہوں نے قبول کر لیا ہے، اجمل چیمہ نے آزاد لڑ کر ایک پرانی سیاسی فیملی کو شکست دی جس پر ہم انہیں مبار کباد دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ18آزاد امیدوار پی ٹی آئی میں شامل ہو چکے ہیں دیگرسے بھی بات جاری ہے، پنجاب اسمبلی کے18آزاد امیدوار پی ٹی آئی میں شامل ہو چکے ہیں، جن کا نظریہ ہم سے ملتا ہے انھیں پارٹی میں شامل کریں گے۔ 

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے بھی دعویٰ کر رکھا ہے کہ انہوں نے وفاق اور پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے نمبر گیم پوری کر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے جس ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب کو نامزد کیا ہے ان کا نام یاسر ہمایوں سلیم ہے اور ان کا تعلق چکوال سے ہے، انہوں نے پی پی 21چکوال سے پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر الیکشن لڑا اور 77ہزار ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہوئے ہیں۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button