تازہ ترین

چترال سے صوبائی اسمبلی کے آزاد امیدوار شفیق الرحمن نے آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی صدر اور چترال سے قومی اسمبلی کے امیدوار ڈاکٹر محمد امجد چودھری کی غیر مشروط حمایت کا اعلان

چترال ( نمائندہ خصوصی ) چترال سے صوبائی اسمبلی کے آزاد امیدوار شفیق الرحمن نے آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی صدر اور چترال سے قومی اسمبلی کے امیدوار ڈاکٹر محمد امجد چودھری کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کردیا۔ اتوار کے روز ڈاکٹر امجد کی معیت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چترال کے لئے جنرل پرویز مشرف کی عظیم خدمات کو پیش نظر رکھتے ہوئے انہوں نے ضلع بھر میں اپنے حامیوں کے مشورے کے بعد ان کی پارٹی کے امیدوار کو چترال سے حمایت کا فیصلہ کردیا ہے اور ان کے تمام سپورٹر بالکل اسی سپرٹ سے ڈاکٹر امجد کے لئے کام کریں گے جس سے وہ ان کے لئے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان کی حمایت کے بعد ڈاکٹر امجد کی پوزیشن مزید مضبوط ہوگئی ہے جبکہ چترال کے عوام پہلے ہی ان کو ذوق وشوق سے ووٹ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ لواری ٹنل اور گولین گول بجلی گھر کی تعمیرپر کام کا آغاز شید پرویز مشرف کا چترالی عوام پر احسان تھاجسے وہ کبھی نہیں بھلا سکیں گے۔ اس موقع پرپارٹی کے ضلعی صدر شہزادہ امیر حسنات الدین المعروف شہزادہ گل اور پارٹی کے ڈسٹرکٹ فوکل پرسن وقاص احمد ایڈوکیٹ بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر امجدنے غیر مشروط حمایت پر شفیق الرحمن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ چترال میں سیاست کے میدان میں ایک طرف شفیق الرحمن جیسے غیر متعصب اور کھلا ذہن رکھنے والا رہنما موجود ہیں تو دوسری طرف پی ٹی آئی کے عبداللطیف اور ان کے ساتھی ہیں جوکہ بار بار ان کے خلاف زہر افشانی کررہے ہیں جوکہ ان کی ذہنی پستی اور کمزوری کو ظاہر کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ سید پرویز مشرف کے حکم پر چترال آئے ہیں اور یہاں چترالی بھائیوں کی خدمت کرتے رہیں گے اور چترال کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی انتخابی وعدوں کو سوفیصد عملی جامہ پہنادیں گے اور چترال کی تیز تر اور مربوط ترقی کے لئے چترال ڈیویلپمنٹ اتھارٹی بنائیں گے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button