انتخابات کو شفاف رکھنے اور الیکشن 2018 کو ذمہ دارانہ طریقے سے انجام دینے کے حوالے سے منگل کے روز پریزائڈنگ آفیسر ز سے حلف لیا گیا
چترال ( نمائندہ آوازچترال ) انتخابات کو شفاف رکھنے اور الیکشن 2018 کو ذمہ دارانہ طریقے سے انجام دینے کے حوالے سے منگل کے روز پریزائڈنگ آفیسر ز سے حلف لیا گیا ۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج و ریٹرننگ آفیسر NA-1چترال محمد خان نے 143پریزائڈنگ آفیسران سے حلف لیا ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چترال اسد حمید خان ، ریٹرننگ آفیسر PK-1چترال و سنیئر سول جج عابد زمان اور الیکشن کمشنر عنایت الرحمن بھی موجود تھے ۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ ہر پانچ سال بعد انتخابات کی یہ قومی ذمہ داری آتی ہے ۔ اور شفاف الیکشن کے انعقاد کا انحصار پریزائڈنگ آفیسرز پر ہے ۔ اس لئے تمام پریزائڈنگ آفیسران انتخابات کو صاف و شفاف طریقے سے انجام دینے کی کو شش کریں ۔انہوں نے کہا ۔ کہ ہم الیکشن میں خدمات انجام دینے والے تمام اہلکاروں کو ہر ممکن سہولت دینے کی کوشش کریں گے ۔ اس کے باوجود بھی اگر سہولت کے حصول میں کسی وجہ سے کوتاہی ہوجاتی ہے ۔ تو بھی اپنی فرض منصبی کو مقدم رکھیں اور اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے انجام دینے میں غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ ہر گز نہ کریں ۔ اور غیر جانبدارانہ طریقے سے الیکشن پراسس مکمل کرنے کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ہماری کو شش ہو گی کہ الیکشن کے حوالے سے آپ کا اعزازیہ بھی بروقت آپ کو مل سکے ۔ اور اس کیلئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔ قبل ازین ریٹرننگ آفیسر PK-1 عابد زمان نے پریزائڈنگ آفیسرز کو ہدایت کی ۔کہ پریزائڈنگ آفیسر ز کی ٹریننگ بہت ضروری ہے ۔ اس لئے جن کی ٹریننگ نہیں ہوئی ہے ۔ وہ ٹریننگ حاصل کریں ۔ اس کے باوجود جنہوں نے ٹریننگ لینے میں کوتاہی کی ۔ تو اُن کے نام متعلقہ اداروں کو بھیج دیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ جن کو دور دراز مقامات میں الیکشن ڈیوٹی پر جانا ہے ۔ اُن کو سامان پہلے فراہم کئے جائیں گے ۔ اور قریبی سٹیشنوں کے لئے انتخابی بیگز اور سامان کی فراہمی بعد میں کی جائے گی ۔