تازہ ترین

پاکستان کے نئے وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک دراصل کون ہیں اور ان کا تعلق کہاں سے ہے؟ وہ تمام باتیں جوآپ جاننا چاہتے ہیں

اسلام آباد ( آوازچترال رپورٹ) پاکستان کے نئے وزیراعظم کے لیے حکومت اور اپوزیشن نے متفقہ طورپر پاکستان کے بائیسویں چیف جسٹس رہنے والے خیبرپختونخوا کے ضلع سوات سے تعلق رکھنے والے ناصر الملک کا انتخاب کیا ہے اور ان کے نام کا باضابطہ طورپر اعلان بھی کردیاگیا۔تفصیلات کے مطابق 6جولائی 2014ءسے 16اگست 2015ءتک ناصرالملک پاکستان کے چیف جسٹس رہے ،وہ قائم مقام چیف الیکشن کمشنر، پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بھی رہ چکے ہیں۔ جسٹس ناصرالملک ان ججوں میں شامل تھے جنہیں پرویزمشرف نے پی سی او کے تحت گھر بھیجا لیکن انہوں نے پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کردیا بلکہ اس بینچ کا حصہ بھی تھے جنہوں نے ایمرجنسی کے نفاذ کیخلاف حکم امتناعی جاری کیا تھا۔ناصرالملک کے والد سیٹھ کامران 70کی دہائی میں پاکستان کے سینیٹر بھی رہ چکے ہیں جبکہ ان کے چھوٹے بھائی شجاع الملک بھی سینیٹر رہ چکے ہیںجبکہ ایک اور بھائی رفیع الملک سوات کے سابق میئررہ چکے ہیں۔67سالہ ناصرالملک کی عدلیہ میں خدمات کے دوران نوازشریف کی نااہلی کیلئے دائر چاردرخواستیں مسترد کیں، 2013ءکے انتخابات میں منظم دھاندلی اور نئے انتخابات کے لیے تحریک انصاف کی درخواست پر جوڈیشل کمیشن بنایا اور پھر ان الزامات کو مسترد کیا، اسی طرح فوجی عدالتوں سے متعلق آئینی ترمیم کا معاملہ سپریم کورٹ آیا تو انہوں نے ترمیم کو درست قراردیتے ہوئے کہاتھاکہ پارلیمنٹ ہی سپریم ہے ۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ناصرالملک اس بینچ کا بھی حصہ تھے جس نے توہین عدالت کے الزام میں سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کو بھی گھر بھیج دیاتھا۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button