پاکستان زندہ باد فٹ بال ٹورنمنٹ دروش میں اختتام پذیر، چمرکن فٹبال کلب فاتح رہی؛ کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس مہمان خصوصی تھے
دروش(نمائندہ آوازچترال)ہفت روزہ چترال پوسٹ اور آئیڈیل کلب دروش کے زیر اہتمام کرنل مراد اسٹیڈئم دروش میں منعقد ہونے والا پاکستان زندہ باد جشن بہاران فٹ بال ٹورنمنٹ گزشتہ روز اختتام پذیر ہواجس میں چمرکن فٹ بال کلب نے کامیابی حاصل کی۔کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس و چترال ٹاسک فورس کرنل معین الدین اختتامی پروگرامات کے مہمان خصوصی تھے۔ کرنل معین الدین نے اس موقع پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے یقین دلایا کہ چترال سکاؤٹس اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی کے ساتھ ساتھ عوامی فلاحی سرگرمیوں میں بھی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرپرستی ہماری اولین ترجیح ہے کیونکہ صحت مند اور مستعد معاشرے کے قیام میں کھیلوں کی سرگرمیوں کا اہم کردار ہے۔ کرنل معین الدین نے کہا کہ پاکستان آرمی اورچترال سکاؤٹس نے دروش میں اوسیک گراؤنڈ کو ایک جدید اسٹیڈئم میں تبدیل کردیا ہے اور انشاء اللہ کرنل مراد اسٹیڈئم کو بھی جدید طرز پر بنایا جائیگا۔ انہوں نے بہترین ٹورنمنٹ منعقد کرنے پر انتظامیہ کی تعریف ہے ۔ کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس نے عوام پر زور دیا کہ وہ چترال کے امن و امان اور تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ مہمان خصوصی نے ٹورنمنٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے والے دونوں ٹیموں کو مبارکباد دی اور اپنی طرف سے ونر ٹیم، رنر ٹیم اور مین آف دی ٹورنمنٹ کو نقد انعامات بھی دئیے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کوسپاسنامہ پیش کرتے ہوئے معروف شخصیت قاری جمال عبدالناصر نے کھیلوں کی ترقی اور فلاح عامہ کی سرگرمیوں میں پاک فوج اور چترال سکاؤٹس کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان خدمات سے انکار قطعاً ممکن نہیں ۔انہوں نے اپیل کی چترال سکاؤٹس کھیلوں کی سرپرستی میں اپنے کردار کو جاری رکھے ۔ اس سے قبل جب مہمان خصوصی کرنل معین الدین گراؤنڈ میں داخل ہوئے تو علاقے کے معززین اور بلدیاتی نمائندگان نے انکا والہانہ انداز میں استقبال کیا۔ مہمان خصوصی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور ٹورنمنٹ کے انتظامیہ آئیڈیل کلب کے ممبران سے ملے۔
پاکستان زندہ باد فٹ بال ٹورنمنٹ کے دلچسپ فائنل میچ میں چمرکن فٹ بال کلب نے فالکن کلب چترال کو شکست دی۔ مقررہ وقت میں میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا تو میچ کا فیصلہ پنلٹی ککس پر کیا گیا۔ مہمان خصوصی کرنل معین الدین نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔
چمرکن فٹبال کلب کے عطاء الرحمن کو ٹورنمنٹ کے دوران بہترین پرفارمنس پر ’’ مین آف دی ٹورنمنٹ‘‘ قرار دیا گیا جبکہ چمرکن فٹبال کلب کے ہی گول کیپر لیاقت کو مین آف دی میچ قراردیا گیا۔ انڈر 15فٹ بال مقابلوں میں منصف الیون نے کامیابی حاصل کی جبکہ انڈر 12 فٹ بال مقابلوں میں آئیڈیلز جونیئر فاتح رہی۔
اس موقع پر ٹورنمنٹ انتظامیہ کی طرف سے اس ٹورنمنٹ کے انعقاد کو ممکن بنانے اور بھرپور تعاؤن فراہم کرنے پر چترال سکاؤٹس بالخصوص 145ونگ کے کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل خرم کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا اور امید ظاہر کی گئی کہ وہ مستقبل میں بھی اپنا تعاؤن جاری رکھیں گے۔