ملک میں خادم رضوی اور ساتھیوں جیسے لوگوں کو سیاسی مقاصد کے لئے آگے لایا جاتاہے ،میری تقریر چیف جسٹس صاحب کے لئے نہیں تھی ،احسن اقبال کی ایک اورقلابازی،وضاحت کردی
اسلام آباد ( آئی این پی ) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک میں خادم رضوی اور ان کے ساتھیوں جیسے لوگوں کو سیاسی مقاصد کے لئے آگے لایا جاتاہے ،اس کے نتائج بعد میں پوری قوم کو بھگتنے پڑتے ہیں ، میں نے ملک کی خدمت میں پوری عمر لگا دی ہے ، ہمیشہ تعلیم کے شعبے کے لئے بھرپور کردار ادا کیا ، میرے خلاف کوئی ثبوت ہے تو مجھے چارج شیٹ کیا جائے ، میری آج کی تقریر چیف جسٹس صاحب کے لئے نہیں تھی ،عظمیٰ قریشی کی تقرری کے لئے میرا کوئی عمل دخل نہیں تھا۔ وہ بدھ کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب ملک کے خیر خواہ ہیں ۔ میں امریکہ سے بہترین تعلیم حاصل کرکے پاکستان آیا تھا اور ملک کی خدمت میں پوری عمر لگا دی ہے ۔ ہمیشہ تعلیم کے شعبے کے لئے بھرپور کردار ادا کیا ، میرے خلاف کوئی ثبوت ہے تو مجھے چارج شیٹ کیا جائے ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ میری آج کی تقریر چیف جسٹس صاحب کے لئے نہیں تھی ، عظمیٰ قریشی کی تقرری کے لئے میرا کوئی عمل دخل نہیں تھا۔ کیا یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز میٹرک یا ایف اے پاس ہیں ۔ تمام وائس چانسلرز تعلیم یافتہ اور پروفیشنل ہیں جن کو معزز عدلیہ نے بے عزت کرکے نکال دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان میں امن و استحکام کو یقینی بنانا ہے ۔ یہاں پر خادم رضوی اور ان کے ساتھیوں جیسے لوگوں کو سیاسی مقاصد کے لئے پروموٹ کیا جاتا ہے جس کے نتائج بعد میں پوری قوم کو بھگتنے پڑتے ہیں ۔