تازہ ترین

پی ٹی آئی نے کہا بلوچستان کے امیدوار کو ووٹ دیں، اوپر سے آرڈر ہے: سراج الحق

 لاہور( آوازچترال آن لائن)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے خیبر پختونخوا حکومت میں اتحادی پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹ کے چیئرمین کے لیے اپوزیشن کو متحد کرنا چاہتے تھے لیکن پی ٹی آئی نے کہا کہ بلوچستان کے امیدوار کو ووٹ دیں جس کے لیے اوپر سے آرڈر ہیں۔تفصیلات کے مطابق سراج الحق نے لاہور میں جلسے سے خطاب میں کہنا تھا کہ سینیٹ میں پی ٹی آئی کے ساتھ چلنا چاہتے تھے لیکن پی ٹی آئی نے ہمارا ساتھ نہیں دیا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی کے پی نے کہا کہ چئیرمین سینیٹ کے لیے بلوچستان کے امیدوار کو ووٹ دینا ہے لیکن نام ابھی معلوم نہیں ہے لیکن ہم نے رضا ربانی کا نام دیا تھا مگر افسوس ہے اس پر اتفاق نہیں کیا گیا۔انہو ں نے کہا کہ چئرمین سینیٹ کے انتخاب کے بعد عمران خان کے بجائے ایک زرداری سب پہ بھاری کے نعرے لگے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کسی نے جرات نہیں کی میری قیمت 45 کروڑ تک لگائے۔چیئرمین سینیٹ کی مخالفت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بچہ پیدا ہو جائے تواس کا گلا کوئی نہیں دباتا اب دیکھنا یہ ہے کہ اس سینیٹ کے فیصلے کو مانے جاتے ہیں یا نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کے سربراہان اعتراف کر رہے ہیں کہ سینیٹ انتخابات میں ہمارے لوگ بک گئے، کیا ووٹ خریدنے والے مجرم نہیں ہیں۔دوسری جانب ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری نے کہا کہ سراج الحق (ن) لیگ کے اتحادی ہیں اس لیے ان کے لہجے میں (ن) لیگ بول رہی ہے، سراج الحق کا بیان جھوٹ کے سوا کچھ نہیں جب کہ سراج الحق کی غلط بیانیوں نے پارٹی کا بیڑہ غرق کردیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کشمیر میں (ن) لیگ اور کے پی میں پی ٹی آئی کی اتحادی ہے جب کہ پنجاب میں ان کا ناظم شیر کے نشان پر جیتا۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button