تازہ ترین

چترال کے گیس پلانٹوں کی زمین معاوضے کیلئے رقم ریلیز، تورکہو روڈ کیلئے بھی 35ملین روپے جاری

 چترال ( نمائندہ آوازچترال ) چترال شہر ، ایون اور دروش میں گھروں کو پائپ لائن کے ذریعے ایل پی جی گیس کی فراہمی بہت جلد ہی حقیقت کا روپ دھارنے والی ہے کیونکہ ایم این اے چترال شہزادہ افتخارالدین کی سرتوڑ کوششوں سے پیر کے روز سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے زمین کی معاوضے کا چیک ضلعی انتظامیہ کو بھیجوادیا ۔ ایم این اے شہزادہ افتخار الدین نے چترال ٹائمز کو بتایاکہ زمین کی خریداری کے لئے رقم کی فراہمی کا مسئلہ درپیش تھا جس کی وجہ سے پلانٹ کی منتقلی تاخیر کا شکار ہوا تھا۔ انہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ چیک کے ملنے کے فوراً بعد زمین کی خریداری کا عمل مکمل کریگی جس کے بعد گیس پلانٹ چترال منتقل کئے جائیں گے اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کوافتتاح کے لئے چترال آنے کی دعوت دی جائے گی۔درین اثنا ء پیر کے روز ہی محکمہ خز انہ حکومت پاکستان نے 35 ملین روپے بونی تورکھو روڈ کے لئے صوبائی حکومت کو ریلیز کردی ہے۔ شہزادہ افتخار کا کہنا تھاکہ اس پی ایس ڈی پی پراجیکٹ کے لئے اب تک 18کروڑ روپے ریلیز ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت سے انہوں نے فنڈز ریلیز کرکے اپنا کام کردیا ہے جبکہ اس کو بروقت خرچ کرنا صوبائی حکومت کاکام ہے۔ انہوں نے گزشتہ دنوں اہالیان تورکھو کی طرف سے تورکھو روڈ کی غیر معمولی تاخیر کے بارے میں پریس کانفرنس کی تائید کرتے ہوئے کہاکہ اس پراجیکٹ کی تکمیل میں صوبائی حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔
Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button