چوہدری شجاعت نے تحریک انصاف کی وکٹ اڑا دی، مانسہرہ سے رکن صوبائی اسمبلی وجیہہ الزمان ساتھیوں سمیت ق لیگ میں شامل
اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ ق نے تحریک انصاف کی وکٹ اڑا دی، مانسہرہ سے رکن صوبائی اسمبلی وجیہہ الزمان ساتھیوں سمیت ق لیگ میں شامل ہوگئے۔ چوہدری شجاعت حسین کہتے ہیں کہ فریادی کے لفظ کو فساد بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، اگلے ہفتے میری کتاب مارکیٹ میں آرہی ہے جس میں سچ کے سوا کچھ نہیں لکھا۔
تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی وجیہہ الزمان نے ساتھیوں سمیت چوہدری شجاعت حسین نے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور مسلم لیگ(ق)میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ لفظ فریادی کو فساد بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ مسلم لیگ ایک ہی ہے یہ ن ،ش یا کوئی دوسری جماعت نہیں ہوتی سب ایک ہیں جو پاکستانی ہے وہ مسلم لیگی ہے ہم جہاں کھڑے ہیں وہیں کھڑے ہیں جو پاکستان کو فوقیت دے گا ہم اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ نگران سیٹ اپ کیلئے لیڈر آف دی ہاﺅس (وزیر اعظم) اور اپوزیشن لیڈر میں اتفاق رائے نہیں ہوپائے گا۔ چوہدری شجاعت نے کہا کہ ان کی کتاب اگلے ہفتے مارکیٹ میں آرہی ہے جس میں انہوں نے سچ کے علاوہ کچھ بھی نہیں لکھا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مانسہرہ سے رکن صوبائی اسمبلی وجیہہ الزمان نے کہا کہ کے پی میں ایک کارکن بھی پی ٹی آئی کے نظریے پر نہیں چل رہا آج عامر لیاقت جیسے لوگ پی ٹی آئی میں آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی اصولوں پرسودے بازی نہیں کی اس لیے ڈیڑھ سال پہلے مسلم لیگ ن چھوڑی تھی کیونکہ پارٹی رہنما بات نہیں مانتے تھے۔