نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو وزیر اعظم آفس کے ماتحت کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد ( آوازچترال رپورٹ)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی اور دیگر عوامل کی بنا پر قدرتی آفات میں اضافہ کے پیش نظر درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے اعلی سطح پر تیاریوں اور ادارہ جاتی ردعمل کی ضرورت ہے جبکہ این ڈی ایم اے کی استعداد کار بہتر بنانے کیلئے اسے وزیراعظم آفس کے ماتحت کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا اور وفاقی سطح پر پائلٹ منصوبہ کے طور پر ماڈل نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی تشکیل عمل میں لایا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیشن کا پانچواں اجلاس بدھ کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات نے ملک کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ نظام، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ارتقااور اب تک حاصل ہونے والی کامیابیوں اور ہنگامی حالات میں خطرات میں کمی کے حوالہ سے درپیش چیلنجوں اور موثر جوابی نظام کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے اجلاس کو مختلف ملکوں میں ہنگامی صورتحال میں ریلیف اور ریسکیو کیلئے کوششوں میں اتھارٹی کے کردار سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور دوسرے مختلف عوامل نے قدرتی آفات میں اضافہ کیا ہے لہٰذا ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اعلیٰ سطح پر تیاریوں اور ادارہ جاتی ردعمل درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات سے مو ثر طور پر نمٹنے کیلئے بہترین بین الاقوامی طریقہ ہائے کار کی روشنی میں مو ثر اور مستعد نظام کا قیام اور حکمت عملی کو بہتر بنانے کیلئے گذشتہ تجربات کو استعمال میں لایا جانا چاہئے۔