موسم بہار کی آمد کے ساتھ پولومیچ کا افتتاح، چترال کی ثقافتی کھیل کو مذید وسعت دیجائیگی…ارشاد سدھیر
چترال ( نمائندہ آوازچترال ) چترال شہر میں موسم بہار کی آمد کے ساتھ ہی چترال کی روائتی اور ثقافتی کھیل پولو کابھی افتتاح کیا گیا ۔ سردیوں کے تقریبا پانچ مہینے بند پولو گراونڈ چترال کے سبزہ زار میں دوبارہ رونقیں دیکھنے کو ملی۔ افتتاحی دن کی مناسبت سے ڈسٹرکٹ کونسل ہال چترال میں ایک تقریب منعقد ہوئی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر چترال ارشاد سدھیر تھے جبکہ صدارت پولو ایسوسی ایشن کے صدر شہزادہ سکندر الملک نے کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ سکندر نے کہا کہ چترال میں پولو کو ترقی دینے کیلئے فورسز کی ٹیموں کے ساتھ سویلین پولو پلےئر کو بھی سپورٹ کرنا ہوگا ۔ جو اس مہنگائی کے دور میں گھوڑا پال کر چترال کی ثقافتی کھیل کو زندہ رکھنے میں اپنے حصے کا کردار ادا کررہے ہیں۔ انھوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کل نوجوانوں کی کافی تعداد پولو کھیل کی طرف راغب ہے جو خوش آئند ہے ۔صدر پولو ایسوسی ایشن نے پولو گراونڈ چترال کی حفاظت اور گردو غبار کو ختم کرنے کیلئے اقدامات پر زور دیا ۔انھوں نے ڈسٹرکٹ پولو ٹورنامنٹ کو رمضان المبارک سے پہلے شروع کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چترال کی ثقافت کو بچانا اور ترقی دینا ہماری اولین ذمہ داری ہے ۔ اور ثقافت کی حفاظت کے ساتھ پولو کے کھیل کو معاشی طور پر بھی استعمال میں لاتے ہوئے علاقے کو ترقی دینے کا بھی خواہاں ہوں ۔ تاکہ پی ایس ایل کی طرح چترال میں پولو کھیل کھیلاجائے جس سے علاقے کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور ٹورزم کو بھی فروع ملیگا ۔ جس میں مختلف انٹر نیشنل کمپنیوں کو بھی مدعو کیا جائیگا۔ اور پرائیویٹ سیکٹر کو اس میں شامل کرنے سے بین الاقوامی طور پر اس کھیل کو مذید وسعت ملے گی ۔ اس سلسلے میں ٹورزم ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ گفت و شنید جاری ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ چترال پولوگراونڈ کی بہتری کیلئے صوبائی حکومت سے ساڑھے تین کروڑ روپے کی منظوری ہوچکی ہے۔ جس سے اس کی تذوئین آرائیش اور گراونڈ کو بہتر بنایا جائیگا۔ اس کے ساتھ مختلف علاقوں کے پولو گراونڈز کیلئے بھی پچیس پچیس لاکھ روپے گرانڈ کیلئے حکومت سے ڈیمانڈ کیا گیاہے ۔ انھوں نے کہاکہ پولو گراونڈ کو صرف پولو کھیل کیلئے ہی مختص کیا جائیگا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چترال ساجد نواز، پولو کے سینئر پلئیر صوبیدار میجر مقبول علی خان اور آیاز صوبیدار کے علاوہ پولو کے کھلاڑی اور شائقین کثیر تعداد میں موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر ڈھول کی تھاپ پر ڈپٹی کمشنر اور شہزادہ سکندر کی قیادت میں پولو ٹیمیں پولو گراونڈ کی طرف روانہ ہوگئیں۔جہاں چھ مختلف ٹیموں کے مابین پولو کے شاندار میچ کھیلے گئے