ممبر صوبائی اسمبلی الزامات کے بجائے اپنے کارکردگی پر توجہ دیں ۔ پی ٹی آئی کے ممبر صوبائی اسمبلی اس طرح بیانات دے کراپنے اور اپنے جماعت کے ذمہ داریوں سے آنکھیں چرا رہے ہیں ۔ محکمہ بلدیات کے بہترین کارکردگی کے بدولت بیوٹیفیکشن اور آپ لفٹ پروگرام کے سلسلے میں بین الاقوامی ایوارڈ حاصل کرچکے ہیں ۔ عنایت اللہ خان
پشاور ( آوازچترال نیوز ) سینئر وزیر بلدیات ود یہی ترقی خیبرپختونخوا وپارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ میونسپل سروسز پروگرام (ایم ایس پی )اور پشاور میں صفائی کی صورت حال پر پی ٹی آئی کے ایک ذمہ دار اور سابق صوبائی وزیر کی بیان بازی حقائق کے منافی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ فارن فنڈنگ پراجیکٹ ہے جو پشاور میں اربوں روپے خرچ کر کے ڈرین ، زنگ آلو د پائپس کی تبدیلی اور دیگر عوامی منصوبوں پر کا م کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم ایس پی نے 142 کلومیٹر ڈرین مکمل کی ہے ، 58 ٹیوب ویلز کی مرمت کر چکے ہیں جب کہ 129 ٹیوب ویلز کی مزید مرمت کر رہے ہیں ۔ اب تک ڈبلیو ایس ایس پی کے لیے 800 کے قریب گاڑیاں اور دیگر مشنری خرید ی ہیں اور پشاور میں 57 کلومیٹر طویل زنگ آلو د پائپس تبدیل کروا چکی ہے جب کہ گیارہ منصوبے مزید پائپ لائن میں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ممبر صوبائی اسمبلی ذاتی مفاد کے لیے اربوں روپے کے پراجیکٹ کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو پشاور کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پشاور میں ڈسٹرکٹ ناظم اور تین ٹاؤن ناظمین کا تعلق پی ٹی آئی ہے جب کہ ڈبلیو ایس ایس پی کے چیئر مین پی ٹی آئی کے عہدیدار اور پشاور سے متوقع امید وار قومی اسمبلی ہے جب کہ شہر کے صفائی اور پانی کی فراہمی کی ذمہ داری بلدیاتی ممبران اور یہاں کے منتخب ممبران اسمبلی کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم ایس پی کی نگرانی پی انیڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ کی ہے اور براہ راست صوبائی حکومت کی نگرانی میں کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی صفائی کی نگرانی یہاں کے منتخب ممبران اسمبلی اور بلدیاتی نمائندوں کی ہے جو تمام کے تمام پی ٹی آئی سے تعلق رکھتے ہیں ۔ سینئر وزیر نے اس امر پر حیر ت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک پی ٹی آئی کے ممبر صوبائی اسمبلی اس طرح بیانات دے کراپنے اور اپنے جماعت کے ذمہ داریوں سے آنکھیں چرا رہے ہیں ۔ عنایت اللہ خان نے مزید کہا کہ محکمہ بلدیات کی کارکردگی اور پشاو رمیں محکمہ بلدیات کے ترقیاتی کاموں اور پشاور کے خوبصورتی کے حوالے سے پوری دنیا اور خود پی ٹی آئی کے قائدین معترف ہے اور مختلف فورم پر محکمہ بلدیات کے کارکردگی کو سراہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کے آخری مہینوں میں غیر ذمہ دارانہ بیانات دے کر سیاسی فضا کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دوسروں پر تنقید کے بجائے وہ اپنے کارکردگی کو بہتر بنائیں ۔