تازہ ترین

کھوار اہل قلم کے زیر اہتمام ایک غیر طرحی کھوار مشاعرہ ،چالیس سے ذیادہ شعراء نے اپنے تازہ کلام پیش کئے

چترال ( نمائندہ آوازچترال) کھوار اہل قلم کے زیر اہتمام ٹاؤن ہال چترال میں ایک غیر طرحی کھوار مشاعرہ منعقد ہوا جس میں چالیس سے ذیادہ شعراء نے اپنے تازہ کلام پیش کئے جنہوں نے حالات حاضرہ سمیت مختلف سماجی و سیاسی موضوعات کو اپنے اشعار میں بیان کرکے حاضرین سے داد لے لی۔ پروگرام کے مہمان خصوصی یونیورسٹی آف چترال کے پراجیکٹ ڈائرکٹر پروفیسر ڈاکٹر بادشاہ منیربخاری اور معروف شاعر اور ادیب عنایت اللہ اسیر نے صدارت کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈاکٹر بادشاہ منیر بخاری نے چترال کے ادبی حلقوں کو یقین دہانی کرائی کہ یونیورسٹی آف چترال شاعروں، ادیبوں اور فنکاروں کی سرپرستی اور رہنمائی میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی اور کھوار ادب کے حوالے سے وہ کام سرانجام پائیں گے جوکہ ابھی تک ممکن نہ تھے۔ انہوں نے کہاکہ کھوار زبان وادب پر تحقیق میں مدد دینے کے لئے یونیورسٹی آف چترال بہت جلد ایک جامع حکمت عملی طے کریگی جبکہ چترالی ثقافت کے تحفظ میں بھی یونیورسٹی کا ایک خاص کردار ہوگا۔ عنایت اللہ اسیر نے کھوار زبان کی خدمت کے لئے کھوار اہل قلم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس اُمیدکا اظہار کیاکہ چترال کے شاعر اور ادیب جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ادب تخلیق کریں گے اور اس سلسلے میں ایسی تنظیموں کے پلیٹ فارم سے استفادہ کریں گے۔ اس موقع پر کھوار کے مختلف شعراء اور ادباء ظفراللہ پرواز، اقرار الدین خسرو، فضل الرحمن شاہد، ذاکر محمد زخمی ، محمد کوثر ایڈوکیٹ اور دوسروں نے خطاب کیا۔ کھوار اہل قلم کی طرف سے کھوار کے معروف فنکاروں با با فتح الدین، استاد تعلیم خان، منصور علی شباب اور انصار نعمانی کو ثفافتی ایوارڈ جبکہ ذاکر محمدزخمی، فضل الرحمن شاہد، میر تنظیم ، طاہرالدین شادان، ظفراللہ پرواز اور اقرار الدین خسرو کو ادبی ایوارڈ دئیے گئے
Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button