تازہ ترین

پی ٹی آئی اپر چترال کا اجلاس ہلڑ بازی کا شکار،پی ٹی آئی میں چند عناصر دوسری پارٹیوں کے ایجنٹ کاکردار اداکر رہے ہیں۔آفتاب احمد طاہر

بونی( نامہ نگار)پاکستان تحریک انصاف اپر چترال کے اجلاس میں ہلڑ بازی ، کارکنوں کی زبردست نعرہ بازی ،موجودہ تنظیمی ڈھانچوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز پاکستان تحریک انصاف اپر چترال سے ڈسٹرکٹ کونسل چترال کے ممبر رحمت غازی اور سکندر الملک نے اپر چترال سے تعلق رکھنے والے پارٹی ورکروں کا اجلاس طلب کر لیا تھا جس کا ایجنڈا اپر چترال کے لئے نئی تنظیم تشکیل دیناتھا ۔ اجلاس شروع ہوتے ہی پارٹی کارکنان نے اس اجلاس کو غیر قانونی اور پارٹی مفادات کے خلاف سازش قرار دیتے ہو ئے اجلاس کے انعقادکو مسترد کردیا اس موقع پر کارکنوں نے اجلاس طلب کرنے والے اراکین کے خلاف سخت الفاظ استعمال کرتے ہو ئے پارٹی قیادت سے ان کے خلاف تادیبی کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے زبردست نعرہ بازی شروع کردی ۔ اس کے بعد احتجاجی کارکنان نعرہ بازی کرتے ہو ئے بونی چوک تک جلوس نکالا ، جلوس کے شرکاء ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جس پر پاکستان تحریک انصاف چترال اور اپر چترال کی قیادتوں پر مکمل اعتماد کے اظہار کے نعرے درج تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہو ئے اپر چترال کے صدر آفتاب احمد طاہر نے کہا کہ پی ٹی آئی چترال کے اندر بعض لوگ دوسری پارٹیوں کے ایجنٹ کاکردار اداکر رہے ہیں اور اس نازک موڑ پر غیر ضروری اختلافی چیزوں کو ہوا دیکر تحریک انصاف کی مخالف پارٹیوں کو فائدہ پہنچانے کی کو شش کر رہے ہیں ہم تحریک انصاف کے کارکن کھبی بھی پارٹی کو نقصان پہنچانے کی مذموم کاروائیوں کو کامیاب ہونے نہیں دینگے انہوں نے کہاکہ چترال میں 80فیصد یونین کونسلز کی تنظیمیں مکمل ہو چکی ہیں اور 100فیصد تنظیموں کے تشکیل کے بعد پورے چترال سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کا کنونشن منعقد کیا جائے گا جس سے مالاکنڈ ریجن پی ٹی آئی کے صدر محمود خان بھی خطاب کرینگے انہوں نے ورکروں سے کہا کہ سازش کے عناصر مکمل طور پر بے نقاب ہو چکے ہیں کو پارٹی امور سے دور رکھنے میں اپنا کردار اداکریں ۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button