38

لاہور کے شہری نے علامہ خادم حسین رضوی سے ایسا کیا پوچھ لیا کہ وہ مشتعل ہو گئے اور جواب دیا ’’چوڑیا بیٹھ جا‘‘ اس نوجوان کی بعد میں پسلیاں کیوں توڑ دی گئیں، سنگین الزامات عائد

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور کے ایک رہائشی کا کہنا ہے کہ اگر تحریک لبیک کے سربراہ خادم حسین رضوی حکومت میں آ گئے تو وہ کسی پر بھی فتویٰ لگا کر قتل کروا دیں گے، تفصیلات کے مطابق لاہور کے شہری کی سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس میں اس نے پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میرا تعلق اہل سنت و الجماعت سے ہے، میرے خاندان میں حافظ قرآن ہیں اور میرا اپنا بیٹا بھی حافظ قرآن ہے،مجھے پتہ چلا کہ مومن پورہ لاہور میں محفل ہے جس میں خادم حسین رضوی خطاب کے لیے آرہے ہیں، اس نے کہا کہ میرے محلے کے کافی لوگ جن میں علماء کرام بھی شامل تھے مل کر خادم حسین رضوی کے جلسے میں گئے، ہمارے گروپ میں شریک معزز ترین علماء نے مجھ سے کہا کہ آپ سوال کریں کہ ہم ایک کیوں نہیں ہو سکتے، ہم میں تفرقہ کیوں ہے۔ اس موقع پر خادم حسین رضوی صاحب نے ایک واقعہ سنایا کہ حضرت عمر فاروقؓ کا دور تھا اور ایک بوڑھی عورت کے گھر چوری ہو گئی وہ حضرت عمر فاروقؓ کے پاس تشریف لے کر گئی اور ہمت کرکے عمر فاروقؓ سے پوچھا کہ میرے گھر میں چوری کیوں ہوئی ہے تو وہ اس لحاظ سے بات کر رہے ہیں کہ اپنے آپ میں لوگوں بات کرنے کی ہمت پیدا کریں۔ لاہور کے شہری نے کہا کہ یہ سن کر میں اٹھا اور کہا کہ رضوی صاحب آپ ہمارے استاد ہیں، میں ایک سوال کرنا چاہتا ہوں کہ ہم محمدﷺ کے غلام سب ایک کیوں نہیں ہو سکتے، یہ جو میں بات کر رہا ہوں اس کی تمام ریکارڈنگ اور ثبوت موجود ہیں، لاہور کے شہری نے کہا کہ علامہ رضوی نے مائیک میں یہ لفظ استعمال کیا کہ ’’چوڑیا بیٹھ جا۔‘‘ اس جلسے میں علاقے کی پولیس اور ایس ایچ او بھی موجود تھے اور اسی دوران علامہ خادم حسین رضوی نے بدمعاشوں کو اشارہ کیا جو ان کے ساتھ تھے۔ مفتی عابد رضا قادری دروغہ والا کے خطیب کے بدمعاشوں کے ٹولے نے مجھے مارنا شروع کر دیا اور میری پسلیوں اور ٹانگ پر تشدد کرنا شروع کر دیا،رضوی صاحب نے خود اپنے سامنے تشدد کروایا۔ اس موقع پر تحریک کے لوگوں نے مجھے چھڑوایا اور مجھے زمین سے اٹھا کر نعرے بازی شروع کر دی کہ یہ زیادتی ہے، اس کے بعد متعلقہ تھانے جا کر رپورٹ بھی کروائی۔ لاہور کے شہری نے اس موقع پر کہا کہ میری پاکستان میں اہل سنت یا تحریک لبیک کے یا جتنے بھی مسلمان ہیں، ان سے اپیل ہے کہ یہ ہمیں استعمال کر رہا ہے، ہر جگہ پر گالیاں دیتا ہے۔ میں سوچ رہا ہوں کہ اگر یہ بندہ حکومت میں آ گیا تو یہ سوال کرنے والوں کو قتل کروا دیا کرے گا، یا مروا دیا کرے گا، میرے پاس بطور ثبوت ویڈیو ہے جو میں میڈیا چینل پر لے کر جاؤں گا، لاہور کے شہری نے کہا کہ میں نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے بھی مدد مانگی ہے کہ خادم حسین نے میرے ساتھ زیادتی کی ہے، میرے پاس ویڈیو موجود ہے، لاہور کے اس شہری نے کہا کہ اگر کل کو خادم حسین رضوی اسمبلی میں آ گیا تو یہ اپنے بدمعاشوں سے کسی کو بھی فتویٰ لگا کر قتل کروا سکتا ہے۔

Facebook Comments