تازہ ترین
فریال تالپور سینٹ کا الیکشن نہیں لڑیں گی ، ہم نواز اور شہباز کی لڑائی کا فائدہ اٹھائیں گے: بلاول بھٹو
فروری 1, 2018
156 ایک منٹ کی پڑھائی

کراچی ( آن لائن) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ملک میں فیک نیوز تیزی سے پروان چڑھتی ہیں ، فریال تالپور کو چیئرمین سینیٹ بنانے کی بات جعلی خبر کی اعلیٰ ترین مثال ہے، کیوں کہ وہ تو سینٹ کے الیکشن میں بھی حصہ نہیں لیں گی، نوا ز اور شہباز کے درمیان لڑائی جاری ہے اور ہاوس آف شریف میں لڑائی کا فائدہ سینیٹ الیکشن میں اٹھائیں گے ۔نجی ٹی وی کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جھوٹی خبر کی اس سے بڑی مثال نہیں مل سکتی کہ فریال تالپور سینیٹ کے الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ فریال تالپور سینیٹ کے الیکشن میں حصہ نہیں لے رہیں لیکن ہم انہیں صوبائی اسمبلی کی نشست پر الیکشن لڑوانے کا سوچ رہے ہیں۔اس وقت شریف فیملی اختلافات کا شکار ہے، نواز شریف اور شہباز شریف الگ الگ جلسے کر رہے ہیں اور وہ ایک ساتھ کسی بھی جلسے میں خطاب نہیں کرتے ، ہم ان کی گھریلو لڑائی کا فائدہ سینٹ الیکشن میں اٹھائیں گے۔بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے جھوتی خبروں کا شکار رہی ہے، بے نظیر بھٹو سے متعلق بھی جعلی خبریں چلائی جاتی رہیں اور آصف زرداری سے متعلق ٹانگ پر بم باندھنے کی جعلی خبر بھی چلائی گئی۔ایک اینکر پرسن کی جانب سے جھوٹی خبر کے حوالے سے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے فیصلہ تو ریاستی اداروں کو کرنا ہے کہ اگر اینکر کی خبر غلط ہے تو اسے کیا سزا ملنی چاہیے لیکن ہمیں لوگوں کو تعلیم یافتہ بنانا ہو گا تاکہ انہیں پتہ ہو کہ خبر کیا ہے اور ذرائع کیا ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے دور میں تو میمو گیٹ سے لے کر ججوں کو ڈی نوٹیفائی کرنے کی جھوٹی خبریں بھی چلائی گئیں جس پر عدلیہ نے نوٹس بھی لیا۔
Facebook Comments
فروری 1, 2018
156 ایک منٹ کی پڑھائی