تازہ ترین

گرم چشمہ, عمران خان اورپرویز خٹک کی امان الرحمن کی تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم

  •  

    چترال ( نمائندہ  ا ز )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے نوجوان نسل پر زور دیا ہے کہ وہ کرپشن ، لوٹ مار اور مفاد پرستی کی سیاست کو رروکنے کیلئے پی ٹی آئی کی اجتماعی سوچ کا حصہ بنیں اور عوامی فکری اور شعورپر مسلسل کام کریں ہم نے چوروں ، لوٹ مار، کرپشن اور عوام دشمنی کی سیاست کو نہ صرف دفن کرنا ہے بلکہ انکو اقتدار کے راستوں سے ہمیشہ کیلئے باہر کرنا ہے ہمیں سمجھ لینا چاہئے کہ ایسے سیاستدان دیمک کی طرح اداروں کو کھوکھلا کر رہے ہیں۔ سسٹم کو مفلوج کر رہے ہیں اور عوامی فلاح اور قومی ترقی میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع چترال کے دو روزہ دورے کے دوران گرم چشمہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور امان الرحمٰن نے بھی جلسے سے خطاب کیا جبکہ تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین اور تحریک انصاف کے عہداروں اور منتخب عوامی نمائندوں نے بھی جلسے میں شرکت کی۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پرگرم چشمہ چترال سے نوجوان سیاسی رہنما امان الرحمن کی تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم کیا ہے اور یقین دلایا ہے کہ وقت ثابت کرے گا کہ یہ فیصلہ علاقے ، صوبے اور ملک کیلئے درست فیصلہ ہے خیبر پختونخوا خصوصاً چترال کے عوام سیاسی طور پر با شعور ہیں اور بالغ نظری کا مظاہرہ کرتے ہیں ملک کو چوروں سے محفوظ بنانے کیلئے کرپشن ، لوٹ مار اور مفاد پرست عناصر کے خلاف اسی اجتماعی سوچ کو ترقی دینے کی ضرورت ہے تحریک انصاف چوروں کے خلاف اور عام آدمی کی فلاح و ترقی کیلئے کھڑی ہے انسانوں پر سرمایہ کاری ہمارے منشور میں سب سے پہلے ہے ترقیاتی کام حکومت کا ذمہ ہے چترال ، کوہستان اور تور غر جیسے پسماندہ اضلاع ہماری ترجیحات کا مرکز ہیں ۔ گرم چشمہ کے باسیو ں کو تعلیم اور صحت کی سہولیات دینے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ایماندار قیادت کا انتخاب ضروری ہے۔گزشتہ 70سالوں سے قرضے لے کر پاکستان کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کر دیا گیا ہے بے لگام کرپشن اور سیاسی اشرافیہ کی لوٹ مار کی وجہ سے دنیا بھر میں بدنامی ہوئی ہم باہر شکل دکھانے کے قابل نہیں رہے عوام ووٹ کا استعمال سوچ سمجھ کر کریں اور عمران خان کا ساتھ دیں پاکستان کا وقار بحال کریں اور عوامی مسائل کے حل کیلئے چوروں کا راستہ روکنا وقت کی ضرورت ہے تحریک انصاف ایک سوچ کا نام ہے جو عوام پر ظلم اور ظالمانہ نظام کی ضد کے طور پر سامنے آئی ہے انہوں نے کہا کہ تعلیم ، صحت ، انصاف اور میرٹ ، غریب آدمی کے مسائل ہیں جبکہ امیر کو سب کچھ میسر ہے لہٰذا غریب عوام اشرافیہ کے دھوکے میں نہ آئیں اپنے مستقبل کی فکر کریں اور نظام کی اصلاح کیلئے عمران خان کا ساتھ دیں۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امان الرحمٰن کو تحریک انصاف میں شمولیت پر مبارکباد دی اور اسے قومی مفاد میں بہترین فیصلہ قرار دیا۔ چترال کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ چترال اور خیبر پختونخوا کے کئی دیگر مقامات سویزر لینڈ سے زیادہ خوبصورت ہیں سویزر لینڈ چھوٹا ملک ہونے کے باوجود خوشحال ہے اور ہم وسائل اور قدرتی مناظرزیادہ رکھنے کے باوجود بد حال کیوں ہیں اسکی وجہ یہی ہے کہ سویزر لینڈ نے انسانیت پر سرمایہ کاری کی جبکہ ہمارے وسائل پر ڈاکوؤں کا قبضہ رہا جو پیسہ عوام پر خرچ ہونا تھا باہر لے گئے ان بڑے بڑے ڈاکووؤں کو( کیوں نکالا) کئے بغیر خوشحالی نہیں آ سکتی ہم نے بڑے بڑے ڈاکوؤں کو پکڑنا ہے اور عوام کا پیسہ واپس لانا ہے پانامہ انکشافات کے بعد کرپٹ عناصر کے خلاف جنگ کا مقصد بھی یہی ہے عمران خان نے کہا کہ اصل اثاثہ انسان ہیں ہمیں انسان پر خرچ کرنا چاہئے یہ تحریک انصاف کے منشور کا پہلا جذ وہے جس میں تعلیم کو اولین ترجیح حاصل ہے کیونکہ عوام کی صحیح سمت میں تعلیم و تربیت کے بغیر ترقی ممکن نہیں ۔ بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف اور اسکی بیٹی عدلیہ کے خلاف مہم چلا رہے ہیں اپنی چوری بچانے کیلئے اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں انہیں اب تک جیل میں ہونا چاہئے تھا ہم نے پانامہ کیس میں اپوزیشن کا کردار ادا کیا ۔ این آ ر او کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پہلے ہی این آر او نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا ہے اب این آر او کی گنجائش نہیں۔ آئندہ انتخابات میں سیاسی جماعتوں کے اتحاد کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمارا اتحاد اسی سیاسی جماعت سے ہو سکتا ہے جو احتساب سے خوفزوہ نہ ہو کیونکہ ہم کرپشن کے خلاف وسیع پیمانے پر اقدامات کریں گے۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

Back to top button