اہداف کا حصول نوجوانوں کے تعاون کے بغیر نا ممکن ہے، عنایت اللہ خان
پشاور (آوازنیوز) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات ودیہی ترقی وپارلیمانی لیڈ ر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ نوجوان معاشرے میں تبدیلی کا ذریعہ اور دنیا بھر میں ملک کے سفیر ہیں، پاکستان میں نوجوانوں کی آبادی دیگر عمر کے افراد سے زیادہ ہے صوبائی حکومت نوجوان افرادی قوت کو مثبت انداز میں استعمال کر کے مقاصد کا حصول یقینی بنائے گی۔ وہ وزیر باغ پشاور میں واش کمیٹی ٹاؤن ون، میونسپل سروسز پروگرام (یو ایس ایڈ) خیبر پختونخوا اور فاؤنڈیشن برائے دیہی ترقی (ایف آر ڈی)کے باہمی اشتراک سے ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ ’’گلونہ پیخور‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، ڈسٹرکٹ نائب ناظم سید قاسم علی شاہ، ناظم ٹاؤن ون زاہد ندیم، ایم ایس پی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر عطاء الرحمن، ڈبلیو ایس ایس کے زونل منیجر انجینئر فخر عالم، ایم ایس پی کے انفراسٹرکچر سپیشلسٹ عالمگیر آفریدی، سماجی کارکن صدیق الرحمن پراچہ اور عظمت نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ سینئر وزیر عنایت اللہ خان نے کہا کہ نوجوان ہی معاشرے میں تبدیلی لا سکتے ہیں، کرکٹ ٹورنامنٹ کا مقصد صفائی اور حفظان صحت کے بارے پیغام عام کرکے اہداف کا حصول یقینی بنانا ہے جس کے لئے نوجوانوں کے ذریعے معاشرے میں آگاہی پھیلائی جائے گی کیونکہ ان اہداف کا حصول نوجوان کے بغیر ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایس پی کے پلیٹ فارم سے پشاور کی25 یونین کونسلوں میں آگاہی مہم چلائی جائے گی جس میں لوگوں کو عملہ صفائی سے تعاون کی جانب راغب کیا جائے گا جبکہ نوجوانوں کو ان کی ذمہ داریاں بھی یاد دلائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کھیل دنیا میں کسی بھی ملک کی پہچان ہوتے ہیں نوجوانوں کو کھیلنے کے مواقع کی فراہمی کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ آرگنائزنگ کمیٹی کے لئے 50 ہزار روپے کا اعلان بھی کیا۔ ناک آؤٹ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں 10 یونین کونسلوں کی 20 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں گنج،رشید گڑھی، اخون آباد، شہید آباد، توحید آباد، یکہ توت، عمران آباد، قائد آباد، شیخ آباد، کاکشال گلدرہ اور دیگر ٹیمیں نمایاں ہیں۔ قبل ازیں صوبائی وزیر اور منتخب ٹیموں میں یونیفارم بھی تقسیم کیا۔