ہمیں پارٹی سیاست کو الیکشن کے وقت تک محدود رکھ کر عوام کی خدمت کو اپنا فرض اولین سمجھنا چاہئے۔ضلعی ناظم مغفرت شاہ | Awaz-e-Chitral

Breaking News

Home / تازہ ترین / ہمیں پارٹی سیاست کو الیکشن کے وقت تک محدود رکھ کر عوام کی خدمت کو اپنا فرض اولین سمجھنا چاہئے۔ضلعی ناظم مغفرت شاہ

ہمیں پارٹی سیاست کو الیکشن کے وقت تک محدود رکھ کر عوام کی خدمت کو اپنا فرض اولین سمجھنا چاہئے۔ضلعی ناظم مغفرت شاہ

چترال (نمائندہ آواز) ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ نے بدھ کے روز چترال ٹاؤن کے گاؤں خورکشاندہ میں چار کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا آرسی سی پل کی گراونڈ بریکنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حقیقی معنوں میں ترقی کے لئے عوام میں ذہنی اور فکری تبدیلی کا آنابنیادی شرط ہے اور ایک دوسرے کو برداشت کرنے کے لئے وسیع القلبی پر زوردیتے ہوئے کہاکہ ہمیں پارٹی سیاست کو الیکشن کے وقت تک محدود رکھ کر عوام کی خدمت کو اپنا فرض اولین سمجھنا چاہئے اور ضلعی حکومت کی منتخب قیادت اس زرین اصول پر کاربند ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اس وقت ایک دوسرے کو نیچا دیکھانے کی کوششوں کی بجائے ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر آگے بڑھنا ہے اور اس معاملے میں علاقے کے منتخب ویلج ناظمین اور کونسلرز کا کردار بہت ہی اہم رہا ہے جو کسی بھی پارٹی کی تفرقہ بازی سے بالاتر ہوکر کام کررہے ہیں اور گزشتہ سالوں کی قدرتی آفات میں انہوں نے اپنی قابلیت ، صلاحیت اور ایمانداری کا لوہا منوالیا ہے۔ ضلع ناظم نے مغلاندہ تا اوچشٹ روڈ کی توسیع و پختگی کے کام کے ساتھ خورکشاندہ پل سے سبزی منڈی تک شارٹ کٹ روڈ کی تعمیر کے لئے کوشش کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ علاقے کے عوام کو بھی اس سلسلے میں کردار ادا کرتے ہوئے مقامی مسائل کو سر اٹھانے سے پہلے حل کرنا ہے تاکہ سڑک کی تعمیر کسی مسئلے کا شکار نہ ہو۔ اس سے قبل ضلع نائب ناظم مولانا عبدالشکور، چترال ون سے ضلع کونسل کے ممبر مولانا جمشید احمد ، ویلج کونسل کے ناظمین حیات الرحمن اور نوید احمد بیگ اور علاقے کے معززیں الحاج عیدالحسین، مولانا اشرف الدین اور ظفر الدین نے کہاکہ خورکشاندہ کے سامنے موڑین گول پر آرسی سی پل کی تعمیر اس علاقے کے عوام کا ایک دیرینہ خواب تھا جو کہ ضلع ناظم مغفرت شاہ کے ہاتھوں پورا ہوا جس کے لئے علاقے کے عوام ان کے ممنوں ومشکور رہیں گے۔ اس موقع پر سی اینڈ ڈبلیو چترال کے ایس ڈی او طارق نے بتایاکہ اس منصوبے کی لاگت چار کروڑ روپے ہے جسے ایک سال کے عرصے میں مکمل کیا جائے گا۔ اس سے قبل ضلع ناظم نے فیتہ کاٹ کر تقریب کی رسم ادا کردی جس میں علاقے کے معززیں اور عوام کثیر تعداد میں موجود تھے۔ بعدازاں ضلع ناظم نے بروز کے گولدہ کے مقام پر بھی ایک آر سی سی جیپ ایبل پل کی سنگ بنیاد رکھنے کی رسم ادا کی ۔ یہ پل دو سال قبل سیلاب بردہوگئی تھی ۔ضلع ناظم کی خصوصی کوششوں سے ان دونوں پلوں کی تعمیر کی منظوری وزیر اعلیٰ نے دے دی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!