64

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سرتاج عزیز کمیٹی کی تجویز کردہ فاٹا اصلاحات کی اصولی منظور ی جماعت اسلامی کی فتح اور قبائلی عوام کی طویل جدوجہد کی جیت ہے۔ مشتاق احمد خان

پشاور (آوازنیوز)وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سرتاج عزیز کمیٹی کی تجویز کردہ فاٹا اصلاحات کی اصولی منظور ی جماعت اسلامی کی فتح اور قبائلی عوام کی طویل جدوجہد کی جیت ہے تاہم اصلاحات میں تاخیر کی مذمت کرتے ہیں۔ 2018ء کے عام انتخابات کے بعد فاٹا میں بلدیاتی انتخابات بھونڈا مذاق ہے، 2018ء کے انتخابات میں فاٹا کو صوبائی اسمبلی میں نمائندگی کا حق ملنا چاہئے۔ ایف سی آر کے خاتمے کے اصولی فیصلے کی خوشی میں 3مارچ بروز جمعہ پورے فاٹا میں جماعت اسلامی کی طرف سے یوم تشکر منایا جائے گا۔ یوم تشکر پر جلسے ، جلوس، ریلیاں اور کارنر میٹنگز منعقد کی جائیں گی۔ فاٹا اصلاحات کی منظوری سے جماعت اسلامی کے تین روزہ دھرنے کے مقاصد حاصل ہوگئے ۔ ایف سی آر کے خاتمے کی اصولی منظوری کے وفاقی کابینہ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں تاہم فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے لئے پانچ سال کی مدت قابل قبول نہیں۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر مشتاق احمد خان، نائب امیر صاحبزادہ اہارون الرشید اور جماعت اسلامی فاٹا کے امیر حاجی سردار خان نے سرتاج عزیز کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں جاری کئے گئے اپنے بیان میں کیا۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات سے پہلے صوبائی اسمبلی میں فاٹا کی نمائندگی یقینی بنائی جائے ۔ رواج ایکٹ کے نام پر ایف سی آر کی واپسی کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔فاٹا کے نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے ، فاٹا کے عوام کی انسانی حقوق ، انصاف ، آزادئ اظہار رائے اور ترقی تک پیش رفت کے لئے واضح اور دوٹوک اقدامات ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت فاٹا کے عوام کے لئے میگا ترقیاتی پیکج کا اعلان کرے کیونکہ یہ فاٹا کے عوام کی ضرورت ، حق اور وقت کا تقاضا ہے۔ فاٹا کے میگا ترقیاتی پیکج کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر جدوجہد کریں گے۔ فاٹا کے امیر حاجی سردار خان نے کہا کہ قبائلی عوام پانچ سال کا وقت نہیں فوری طور پر صوبے میں انضمام چاہتے ہیں۔ کابینہ اجلاس میں فاٹا اصلاحات کو پیش کرنے کی اصولی طور پرحمایت کرتے ہیں اور یہ جماعت اسلامی کے مؤقف کی فتح بھی ہے تاہم ایف سی آر کے خاتمے اور صوبے کے ساتھ انضمام میں تاخیر قبول نہیں۔

Facebook Comments

اپنا تبصرہ بھیجیں