تازہ ترین

جے آئی انٹرا یوتھ الیکشن کو نوجوانوں نے یوم انقلاب بنادیا ہے۔مشتاق احمد خان

پشاور (پ ر )امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ جے آئی انٹرا یوتھ الیکشن کو نوجوانوں نے یوم انقلاب بنادیا ہے۔ نوجوانوں نے ثابت کردیا ہے کہ وہ ملکی سیاست اور قومی معاملات میں کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہیں ۔ انٹرا یوتھ الیکشن کے ذریعے جماعت اسلامی نے حقیقی جمہوریت کا ثبوت دیا ۔ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں نے386 یونین کونسلز کے 510پولنگ سٹیشنز پر اپنا ووٹ پول کیاہے۔ منظم اور شفاف ماحول میں انتخابات کا انعقاد جماعت اسلامی کی تنظیمی صلاحیتوں کا اظہار ہے۔ نوجوانوں نے پُرامن انداز میں اپنے لیڈر شپ کے انتخاب سے سیاسی بالغ پن اور پختہ جمہوری سوچ کے اظہار کا ثبوت دیا ہے۔ سیاسی جماعتیں موروثیت ترک کرکے جمہوری انداز سے نوجوانوں کو قومی سیاست میں راستہ دیں۔ ثابت ہوگیا کہ جماعت اسلامی ہی نوجوانوں کی سب سے مقبول پارٹی ہے۔ نوجوانوں کی قوت سے 2018ء کے انتخاب کو انقلاب بنائیں گے۔ 2018ء کے انتخابات میں جماعت اسلامی بڑی پارلیمانی پارٹی بنے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جے آئی یوتھ انٹرا پارٹی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں پشاور کے مختلف یونین کونسلوں میں پولنگ سٹیشنوں کے دورے کے دوران کارکنوں سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جے آئی یوتھ کے مرکزی صدر زبیر احمد گوندل ، جنرل سیکرٹری میاں عثمان جاوید، جے آئی یوتھ کے صوبائی صدر عبدالغفار خان ،سینئر نائب صدر حافظ حمید اللہ، ضلع پشاور کے صدر صدیق الرحمن پراچہ، انتخاب خان چمکنی ، سیکرٹری اطلاعات محمد اقبال، جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر صابر حسین اعوان اور جے آئی یوتھ پاکستان کے سوشل میڈیا انچارج فرید رزاقی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے امیدواروں اور کارکنوں سے بھی ملاقات کی اور پولنگ کے پُر امن انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مشتاق احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نوجوانوں کی سرپرستی جاری رکھیں گے، کامیاب انٹرا یوتھ الیکشن کے بعد اب یوتھ چارٹر آف ڈیمانڈ دیں گے اور قومی تعمیر نو ، ملکی ترقی اور عوامی خدمت کے لئے نوجوانوں کی اس قوت کو کام میں لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب انٹرا یوتھ الیکشن جماعت اسلامی پر نوجوانوں کے زبردست اعتماد کا اظہار ہے، سٹیٹس کو اور کرپٹ سیاسی جماعتوں کا یوم حساب قریب ہے۔ نوجوان اسلامی انقلاب کی فرنٹ لائن بن چکے ہیں۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے ضلعی ، زونل اور یوسی امراء کو بہترین انتظامات پر خراج تحسین اور کامیاب الیکشن کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بھر پور سیکورٹی انتظامات پر خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع کی پولیس ڈیپارٹمنٹ اور ضلعی ایڈمنسٹریشن کا شکریہ ادا کیا۔

Facebook Comments

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button