39

حکومت نے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے موثرپالیسی اختیار کی ہے:ڈاکٹر ظفر

اسلام آباد(آوازچترال نیوز) صحت کے بارے میں معاون خصوصی ڈاکٹرظفرمرزانے کہاہے کہ حکومت نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے موثرپالیسی اختیار کی ہے۔انہوں نے ایک نجی نیوزچینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے آئندہ سال تک ملک سے پولیو کے خاتمے کاعزم کررکھاہے۔ڈاکٹرظفرمرزانے کہاکہ ملک سے پولیو ختم کرنے میں سیاسی عناصر کی مداخلت کے خاتمے کیلئے نیشنل سٹریٹجک ایڈوائزری گروپ تشکیل دیاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ تمام علمائے کرام اورحزب اختلاف کی جماعتوں کواس گروپ میں شامل کیاجائے گا تاکہ اس حوالے سے درپیش کوئی بھی رکاوٹ دور کی جاسکے۔معاون خصوصی نے کہاکہ تین صوبوں میں پولیو کے مرض کے حوالے سے زیادہ خطرے کی حامل بعض یونین کونسلزہیں اوران کونسلزمیں پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹرظفرمرزانے کہاکہ ایسے عناصر اور خاندانوں کی نشاندہی کے حوالے سے بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے جو اپنے بچوں کوپولیو سے بچائو کے قطرے پلانے سے گریزاں ہیں اورپولیو کارکنوں کے کام میں مداخلت اوراس میںر کاوٹیں پیدا کررہے ہیں۔

کیٹاگری میں : صحت